مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیرمیں بھی مسلمانوں کے گھر تباہ کرنا شروع کردیئے

0
345

سرینگر(این این آئی)بھارت میں مسلمانوں کے گھروںکو بلڈوزکے ذریعے گرانے کی جاری مہم کے دوران مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے اپنے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکشمیریوں کے گھروںکو عسکریت پسندوں کے ٹھکانے قراردیکر تباہ کرناشروع کردیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے تباہ کئے گئے مکانوںکی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ ایسے ہی ایک تازہ واقعے میں آج ضلع بانڈی پورہ کے علاقے نادی ہل میں ایک غریب کشمیری کے گھر کو دھماکے کے ذریعے تباہ کردیاگیا ہے اور اس واقعے کی فوٹیج بھی میڈیا کو جاری کی گئی ہیں۔اس آپریشن کی ڈرون فوٹیج میں بانڈی پورہ میں ایک مکان کو دھماکے سے اڑاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔انسانی حقوق کے کارکنوں نے مختلف حیلے بہانوں سے کشمیریوں کے گھروں کو تباہ کرنے پر مودی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مودی حکومت کو اس عذر پر پورے خاندان کو سزا دینے کا اختیار کس نے دیاہے کہ مبینہ طورپر خاندان کے ایک فردنے اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموںو کشمیر میں اس کی پالیسیوں سے انحراف کیا ہے ۔