مغرب میں اسلام فوبیا تیزی سے پھیل رہا ہے ،شاہ محمود قریشی

0
222

اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مغرب میں اسلام فوبیا تیزی سے پھیل رہا ہے اس کیخلاف پاکستان کی طرح ایران کی پارلیمان کو بھی کر دار ادا کر نا چاہیے ،اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اور لوگوں میں حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے پاکستان اور ایران کے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دورہ ایران اور ایرانی قیادت کے ساتھ ہونیوالی والی ملاقاتوں کے حوالے سے اہم ویڈیو بیان کہا کہ میری ایرانی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ ابھی مکمل ہوا ہے ،میری ایران کے صدر جناب حسن روحانی کے ساتھ بہت عمدہ ملاقات ہوئی ،ایرانی صدر نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گذشتہ ڈھائی سالوں میں پاکستان اور ایران کے مابین دو طرفہ تعلقات میں خوشگوار بہتری آئی ہے ،دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید گہرے ہوئے ہیں ،میری ایران کی پارلیمان کے سپیکر سے ملاقات ہوئی ،ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور عوام کی سطح پر روابط بڑھانے میں پارلیمان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،ہم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ مغرب میں اسلاموفوبیا جس تیزی سے پھیل رہا ہے اس کے خلاف پاکستان کی طرح، ایران کی پارلیمان کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے اتفاق کیا کہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے اور لوگوں میں حرمت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کیلئے پاکستان اور ایران کے علماء کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف صاحب سے ایران کی وزارت خارجہ میں ملاقات ہوئی ،ہم دو طرفہ تعلقات کو تفصیل کے ساتھ زیر بحث لائے ،ہم نے افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان کے معاملے پر ہماری ایران کے ساتھ، آج جو مماثلت اور یکسوئی ہے وہ پہلے کبھی نہ تھی ،ہم نے اسلاموفوبیا کے خلاف مل کر چلنے کے عزم کی تجدید کی ہے