شاہ محمود قریشی کی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ممتاز برطانوی پاکستانی رہنمائوں سے ملاقات ، کشمیر کی صورتحال پر گفتگو

0
174

لندن (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کشمیر سے تعلق رکھنے والے ممتاز برطانوی پاکستانی رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان ہاؤس لندن میں کشمیر سے تعلق رکھنے والے معروف برطانوی پاکستانی رہنماؤں اور کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور کشمیریوں کے جائز حق “حق خود ارادیت” کے حصول کیلئے موثر آواز بلند کرنے کے حوالے سے برطانوی پاکستانیوں کے کردار کو سراہا ۔وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر، کو اقوام متحدہ سمیت عالمی سطح پر اٹھانے کے حوالے سے پاکستان کی مسلسل اور غیر متزلزل کاوشوں سے آگاہ کیا ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں ٹھوس شواہد پر مبنی ایک ڈوزیئر مرتب کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ڈوزئیر میں بھارتی قابض افواج کے سنگین زائد جنگی جرائم کی تفصیلات شامل ہیں۔ انہوںنے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے مباحثے کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوںنے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والے اس مباحثے نے ایک بار پھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ برطانوی پاکستانی کمیونٹی،نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے، بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو منظر عام پر لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کشمیری قیادت کو یقین دلایا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے جدوجہد ،کی مکمل سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔ انہوںنے کہاکہ دنیا کو یہ جان لینا چاہیے کہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق منصفانہ طور پر حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔