کراچی سے خیرپور جانیوالی بس خوفناک حادثے کا شکار ،5افرادجاں بحق 20زخمی

0
312

کراچی(این این آئی)کراچی سے خیرپور جانے والے عزاداران امام حسین کی بس نوری آباد لونی کوٹ کے قریب خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی،حادثے کے نتیجے میں 5 افرادجاں بحق جبکہ 20زخمی ہوگئے۔ حادثے میں کوچ کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث حادثہ پیش آیالاشیں کراچی کے علاقے انچولی میں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔تفصیلات کے مطابق انچولی سوسائٹی سے2 مسافر بسوں پر مشتمل عزاداروں کا قافلہ خیر پور جارہا تھا۔نوری آباد کے قریب سے شاندار کوچ نمبرایل زیڈ جے575 ہائی وے پر چلنے والی ایک گاڑی سے ٹکرانے کے باعث بے قابو ہوکر مال بردار ٹرالر میں جاگھسی حادثے کے نتیجے میں کوچ کا اگلا حصہ تباہ ہوگیا حادثے میں 5 مسافر موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔ ایدھی حیدرآباد سینٹر کے انچارج معراج محمد نے 25 سے زائد ایمبولینسوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر بس میں پھنسے زخمیوں کو نکالا اور طبی امداد کیلئے تعلقہ سول اسپتال لونی کوٹ منتقل کیا۔حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 2افراد کی لاشیں بس کے ملبے میں پھنس گئی تھیں۔ جس کے نتیجے میں بس کے ملبے کو کاٹ کر لاشوں کو نکالاگیا۔بس میں سوار زائرین کے مطابق بس میں جعفر طیارسوسائٹی اور انچولی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور بچوںسمیت 100 سے زائد افراد چہلم امام حسین میں شرکت کیلئے خیر پور جارہے تھے عینی شاہدین کے مطابق حادثہ بس ڈرائیور کی مبینہ غفلت سے پیش آیا ۔ بس ڈرائیور کو نیند کا جھونکا آیاجس کے باعث بس کنٹرول سے باہر ہوگئی۔ حادثے میں بس ڈرائیور زندہ بچ گیا تاہم کلینر جاں بحق ہوگیا حادثے میں جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت شبیرعلی،بلال،دلشاد،سہیل اور عون عباس کے نام سے ہوئی ۔لاشوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے تعلقہ اسپتال کوٹری سے انچولی سوسائٹی منتقل کیا گیا ۔لاشیں انچولی پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ زخمیوں کو بھی کراچی منتقل کردیا گیا ۔ زخمیوں میں2 افر ا د کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔موٹر وے پولیس نے موقع پر پہنچ کر بس کے ملبے کو ہائی وے سے ہٹا کر ٹریفک بحال کردیا۔ لونی کوٹ پولیس کے مطابق بس ڈرائیور کو تلاش کیا جارہاہے ۔موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق حیدر آباد کے قریب ایم نائن پر بس کے رونما ہونے والے حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی موٹروے پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور ریسکیو کے کام میں مصروف ہو گئی بس ڈرائیور کا اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ نہ رکھنا اس حادثے کی وجہ بنا۔ابتدائی تفصیلات کے مطابق حادثہ کے وقت پانچ افراد جاں بحق ، ہوئے۔موٹر وے پولیس نے ایمبولینس کے ذریعے تمام زخمی افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔حادثے میں زخمی ہو جانے والے افراد کی عیادت اور ان کی تفصیلات معلوم کرنے ڈی ایس پی موٹر وے پولیس جامشورو راشد صدیقی اور ایڈمن جامشورو غازی حسین نے قریبی اسپتال کا دورہ کیا اورزخمیوں کی عیادت کی۔