خواتین کو ہراساں کرنے کے جرم کا ارتکاب امیر ،غریب دونوں طبقات میں ہو رہا ہے ‘ ماریہ واسطی

0
229

لاہور( این این آئی)اداکارہ ماریہ واسطی نے کہا ہے کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے جرم کا ارتکاب امیر اورغریب دونوں طبقات میں ہو رہا ہے ، جب تک اسے جرم کے طو رپرنہیں دیکھا جائے گا اس پر قابو نہیں پایاجا سکتا،خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو اہے جسے پوری شدت اورمزاحمت سے روکنے کی ضرورت ہے ۔ ایک انٹرویو میں ماریہ واسطی نے کہا کہ میں ہرگز یہ تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں کہ خواتین کو ہراساںکرنے کا جرم کسی ایک خاص طبقے کا مسئلہ ہے بلکہ ہمارے معاشرے میں امیر ، غریب سمیت جتنے بھی طبقات ہیں سب میں یہ شرح برابر ہے اور بد قسمتی ہے کہ اسے جرم نہیں سمجھا جاتا اور معمول کے مطابق لیا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جب تک ایسے واقعات میںملوث درندوںکیلئے سخت سزائوں کے ساتھ معاشرہ ان سے منفرد سلوک نہیں کرے گا یہ جرم نہیں رک سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی خواتین اپنی اور خاندان کی بدنامی کے ڈرسے اس طرح کے واقعات کو زبان پر نہیں لاتیںجسے میں درست اقدام نہیں سمجھتی ،جب تک ایسے لوگوں کو معاشرے کے سامنے بے نقاب نہیں کیا جائے گا دوسرے لوگ کیسے عبرت حاصل کریں گے۔