قائمہ کمیٹی مذہبی امور کا اجلاس ،قرآن بورڈ کی تشکیل اور قانون سازی پر اتفاق

0
206

اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں قرآن بورڈ کی تشکیل اور قانون سازی پر اتفاق ہوگیا ۔پیر کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس مولانا اسعد محمود کی زیر صدارت ہوا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری ،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز شریک ہوئے ۔ اجلاس میںقرآن بورڈ کی قانون سازی سے متعلق مجوزہ بل پر وزارت مذہبی امور کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دی گئی ۔ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہاکہ تمام تجاویز اور بل قابل قدر ہے، سعودی عرب اور ایران کا اپنا افیشل قرآن پاک کا ورژن ہے، پاکستان کا اپنا قرآن پاک کا ورژن ہونا چاہیے،پنجاب قرآن بورڈ نے اس حوالے سے بہت کام کیا ہے، قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا قرآن بورڈ کی تشکیل اور قانون سازی پر اتفاق ہوگیا۔اجلاس میں نیشنل کمیشن فار منارٹی 2021 بل پر قائمہ کمیٹی میں بحث کی گئی ، پیر نور الحق قادری نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم پر منارٹی کمیشن بنایا گیا ، اسی دوران ان ممبران کے بل اور تجاویز سامنے آگئے، وزارت نے بھی کمیشن کی کا بل تیار ہے، اسلامی نظریاتی کونسل سے بھی مشاورت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمارا ڈرافٹ آجائے گا تب تک ممبران کے بلز پر کارروائی نہ کی جائے۔ کھیئل داس کوہستانی نے کہاکہ سپریم کورٹ کے زیر نگرانی ون میں کمیشن کام کررہا ہے، اس کمیشن کے چیئرمین کی تقرری پر ہماری اقلیتوں کو اعتراض ہے، ایسا کمیشن تشکیل دیا جانا چاہیے جس میں سیاستدان اور اقلیتوں کے نمائندے بھی ہوں۔ پیر نور الحق قادری نے کہاکہ ابھی تک چونکہ ایکٹ نہیں ہے، ایکٹ بن جائے تو کمیشن کی تشکیل نو کی جائے گئی۔ جمشید تھامس نے کہاکہ موجودہ کمیشن انسانی حقوق کی بنیادوں کے مطابق نہیں ہے، وزارت مذہبی امور نے بھی بل کی تیاری اور کمیشن کی تشکیل پر اعتماد میں نہیں لیا۔ پیر نور الحق قادر ی نے کہاکہ آپ کمیونل پراپرٹیز سے متعلق کوئی بھی ترمیم لائیں ہم تسلیم کریں گے۔اجلاس میں رمنا بلڈنگ کو وفاقی وزیر مذہبی امور کے دوست کو کرائے پر دیئے جانے کا معاملہ پر بات چیت کی گئی ،عمارت سے متعلق اعتراض مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا سے اٹھایا تھا۔احسن رانجھا نے کہاکہ میری اطلاعات کے مطابق عمارت کو کرایہ پر دینے میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔