شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات ، علاقائی اموراور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

0
237

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے وزارتِ خارجہ میں یورپی یونین پارلیمنٹ کے وفد برائے جنوبی ایشیا تعلقات نے ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ و اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ بدھ کو یورپی یونین پارلیمنٹ کے وفد نے مسٹر نکولا پروکاسینی کی قیادت میں وزیر خارجہ سے ملاقات کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (SEP)، دو طرفہ کثیر الجہتی تعاون بڑھانے کے لیے ایک ٹھوس بنیاد اور فریم ورک مہیا کرتا ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے مابین اسٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان کا اگلا مرحلہ، دو طرفہ تجارت کے فروغ ، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول ، موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلقہ چیلنجز سے نمٹنے ،اور ڈیجیٹلائزیشن سے متعلقہ امور کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔فریقین نے پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے نتیجہ خیز اور تعمیری شراکت داری کی بنیاد پر مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کی ضرورت زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت باہمی طور پر فائدہ مند رہی ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس نے دونوں فریقوں کے درمیان تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔وزیر خارجہ نے کورونا وبا کے دوران، یورپی یونین کی جانب سے فراہم کردہ معاونت کو سراہا۔فریقین کے مابین افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، قریبی ہمسایہ ہونے کے ناطے، گذشتہ چالیس سال سے، افغانستان میں جاری جنگ و جدل کے باعث سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری میں افغانستان کی مخدوش معاشی صورتحال کا ادراک، خوش آئند ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، افغان شہریوں کی اقتصادی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر، ٹھوس اقدامات اٹھائے۔وزیر خارجہ نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں گذشتہ چار دہائیوں سے جاری محاذ آرائی کے خاتمے اور افغانستان میں دیرپا امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے