ایران کو جوہری ہتھیاروں سے روکنے کے امریکی عزم پر بھروسہ ہے،اسرائیل

0
188

واشنگٹن(این این آئی)اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے زور دے کر کہا ہے کہ علاقائی اور عالمی سطح پر ایران سب سے بڑا خطرہ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پینٹاگان میں اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ بات چیت کے دوران گینٹز نے کہا کہ ایران نہ صرف ہماری سلامتی بلکہ ہماری مشترکہ اقدار کے لیے بھی خطرہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام تہران کی بالادستی کو مستحکم کرنے کا صرف ایک حربہ ہے۔بینی گینٹز نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ جو بائیڈن انتظامیہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکے گی۔انہوں نے کہا کہ ایران وقت کا کھیل استعمال کر رہا ہے اور خطے میں اپنی دشمنی جاری رکھے ہوئے ہے۔اس موقع پر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ میں حالیہ مہینوں میں جوہری میدان میں ایرانی حکومت کے اقدامات، اس کی مسلسل اشتعال انگیزیوں اور سفارتی کوششوں میں عدم دلچسپی پر مشوش ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر نے واضح طور پر کہا کہ اگر پالیسی ناکام ہوتی ہے تو ہم دوسرے آپشنز کی طرف جانے کے لیے تیار ہیں۔ دونوں فریقوں نے ایران کے جوہری عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر کہا کہ انہوں نے اسرائیلی ہم منصبوں کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی ہے۔ بات چیت میں علاقائی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے اسرائیل کی سلامتی کے لیے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا ۔