امریکی صدورکا ویوکرائنی صدرکوفون ، روسی فوجی جارحیت کیخلاف سفارتکاری کی اہمیت پراتفاق

0
235

ماسکو(این این آئی)روس یوکرین تنازع پر امریکی صدر جو بائیڈن اور یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے سفارت کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس نے ایک بیان میں کہاکہ ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنمائوں نے ممکنہ روسی فوجی جارحیت کے خلاف سفارت کاری کی اہمیت پر اتفاق کیا۔صدر بائیڈن نے واضح کیا کہ یوکرین کے خلاف کسی بھی مزید روسی جارحیت کا امریکا اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر فوری اور فیصلہ کن جواب دے گا۔رپورٹس کے مطابق امریکی اور یوکرینی صدور کے درمیان ٹیلیفونک بات چیت 50 منٹ تک جاری رہی۔دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور رپورٹس میں دعوی کیا جارہا ہے کہ روس نے یوکرین کو 3 سمتوں سے گھیر لیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حالیہ ہفتوں میں یوکرین کی سرحد کے قریب روس ایک لاکھ سے زائد فوجیوں کو اکٹھا کرچکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ روس نے یوکرین کو 3 سمتوں سے گھیر لیا ہے، روس یوکرین سرحد کے علاوہ یوکرین سے الگ ہونے والے علاقے کریمیا میں بھی روس کی افواج موجود ہیں جبکہ روس کا اتحادی ملک بیلاروس بھی روس کا لانچنگ پیڈ ہوسکتا ہے۔