کچھ لوگوں نے غیر قانونی طور پر پی ٹی آئی کا نام لیکر فنڈنگ اکٹھی کی ، وکیل پی ٹی آئی انور منصور کا اعتراف

0
163

اسلام آباد(این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے وکیل نے ممنوعہ فنڈنگ کیس کی سماعت کے دور ان بتایا ہے کہ کچھ لوگوں نے غیر قانونی طور پر پی ٹی آئی کا نام لیکر فنڈنگ اکٹھی کی اور سینٹرل فنانس کمیٹی کی اجازت کے بغیر کوئی فنڈنگ ہوئی تو پی ٹی آئی ذمہ دار نہیں۔بدھ کو چیف الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کی۔ پی ٹی آئی کے وکیل انور منصور الیکشن کمیشن پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 2010 میں پی ٹی آئی امریکہ میں رجسٹر ہوئی، کچھ لوگوں نے غیر قانونی طور پر پی ٹی آئی کا نام لیکر فنڈنگ اکٹھی کی، پارٹی چیئرمین نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں، سینٹرل سیکرٹری فنانس کی اجازت کے بغیر اکٹھی کی گئی فنڈنگ سے متعلق ہدایات دیں، سینٹرل فنانس کمیٹی کی اجازت کے بغیر کوئی فنڈنگ ہوئی تو پی ٹی آئی ذمہ دار نہیں۔کمیشن کے ممبر ناصر درانی نے پوچھا کہ فنڈنگ کے ذرائع کیا تھے؟ تو انور منصور نے جواب دیا کہ ذاتی حیثیت میں فنڈنگ لی گئی، پی ٹی آئی نے فنڈنگ کی تمام تفصیلات اسکروٹنی کمیٹی میں جمع کرائیں، پی ٹی آئی فنڈز کا بین الاقوامی معیار پر ایکسٹرنل آڈٹ بھی کرایا جاتا رہا، فنڈنگ کے غیر قانونی استعمال روکنے کیلئے چیکس اینڈ بیلنسز رکھے گئے، 2013 میں پارٹی فنڈنگ کا نظام بہتر بنانے کیلئے سینٹرل فنانس کمیٹی نے خط لکھا، 2013 سے قبل فنڈنگ میں مسائل تھے جس پر پارٹی چیئرمین نے خط لکھا، غلطیوں کی نشان دہی کے بعد ذمہ داروں کو وارننگ لیٹر بھی دئیے گئے،ممبر سندھ نے پوچھا کہ احسن اینڈ احسن پر پھر آپ کا اعتماد رہا؟۔ انور منصور نے جواب دیا کہ احسن اینڈ احسن ریگولر آڈیٹر نہیں تھے، ان کی رپورٹ پی ٹی آئی کا آڈٹ تصور نہیں کیا جاسکتا، ان کی رپورٹ اسکروٹنی کمیٹی نے ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کی، ہمیں ایجنٹ سے جو پیسے ملے ہم صرف اس کے ذمہ دار ہیں، ایجنٹ فنڈنگ بھیجنے میں کچھ گڑ بڑ کرتا ہے تو پارٹی اس کی ذمہ دار نہیں، 2010ـ11 میں امریکہ، برطانیہ سے جتنی فنڈنگ آئی اور تمام ڈونرز کا ریکارڈ اسکروٹنی کمیٹی کو دیا، اسکروٹنی کمیٹی نے مفروضے کی بنیاد پر ریکارڈ مسترد کردیا۔انور منصور نے بتایا کہ ہماری ڈونیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر مشتمل ہے، پی ٹی آئی نے غیر ملکیوں سے کوئی فنڈنگ وصول نہیں کی۔ممبر ناصر درانی نے پوچھا کہ ایجنٹس نے گڑ بڑ کی تو پارٹی نے کیا کارروائی کی؟۔