حکومت اور پی ٹی آئی کا مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق، اگلے دور میں مطالبات پیش کیے جائیں گے

0
22

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان اسپیکر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے ، اپوزیشن کی جانب سے چارٹر آف ڈیمانڈ 2 جنوری کو پیش کیا جائے گا۔پیر کو حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان ملاقات اسپیکر ہاؤس میں ہوئی، ایاز صادق نے مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کی صدارت کی۔حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار، جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، اعجاز چوہدری، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شامل تھے۔اجلاس کے دوران حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اسحٰق ڈار نے شکوہ کیا کہ حکومت جب بھی مذاکرات کی بات کرتی تو دوسری طرف سے ٹوئٹ آجاتا ہے جس پر اپوزیشن کمیٹی کے رکن اسد قیصر نے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی میں اس مسئلے پر تفصیلی بات کی ہے اور اس عمل کی مذمت بھی کرتے ہیں۔مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومتی اور اپوزیشن لیڈر شپ کا شکر گزار ہوں، دونوں نے مثبت طریقے سے گفتگو کی اور بہت مثبت ماحول میں گفتگو ہوئی، کچھ ماضی اور کچھ حال کی باتیں ہوئیں۔انہوںنے کہاکہ ماحول اچھا تھا اور امید نظر آتی ہے سب ملکر کوشش کررہے ہیں، مذاکرات سے ملکی مسائل حل ہوں گے، بات چیت اور مکالمے سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے جب کہ جمہوریت اور معیشت کا استحکام ملک کے لیے بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے کچھ ارکان تشریف نہیں لاسکے، جس کی وجہ سے مطالبات پیش نہیں کیے جاسکے، 2 جنوری کو دوبارہ ملاقات ہوگی، کمیٹیوں کے ارکان آئندہ اجلاس میں اپنے مؤقف پیش کریں گی۔بعد ازاں حکومتی کمیٹی کے رکن عرفان صدیقی نے اجلاس کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا، انہوںنے کہاکہ اسد قیصر نے بتایا کہ اپوزیشن کے کچھ ارکان عدالتی مقدمات اور ملک سے باہر ہونے کے باعث ہنگامی اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ دونوں مذاکراتی کمیٹیوں نے خیر سگالی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کو نہایت مثبت پیش رفت قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ پارلیمنٹ مسائل حل کرنے کا اہم فورم ہے اور مذاکراتی عمل جاری رہنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن کمیٹی نے اپنے ابتدائی مطالبات کا خاکہ پیش کیا، طے پایا کہ اگلی ملاقات میں اپوزیشن کمیٹی تحریری طور پر اپنے مطالبات اور شرائط پیش کرے گی تاکہ اس دستاویز کی روشنی میں بات چیت کو آگے بڑھایا جاسکے۔سینیٹر عرفان صدیقی نے اجلاس کا اعلامیہ پڑھتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور اس پختہ عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں ہم سب قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں مذاکراتی ٹیموں نے اسپیکر ایاز صادق کا شکریہ ادا کیا اور حکومتی کمیٹی کے قیام اور مذاکرات کے عملی آغاز کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا ،باہمی مشاورت سے طے پایا کہ اگلا مذاکراتی اجلاس 2 جنوری کو ہوگا۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اپوزیشن چیمبر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی اجلاس میں ہم نے اپنا موقف بھرپور طریقے سے سامنے رکھا، ہم نے تمام قیدیوں بشمول بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ ہم نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے حوالے سے بھی مطالبہ سامنے رکھا، ہم ایک چارٹر آف ڈیمانڈ 2 جنوری کو پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عمران خان سے رابطہ استوار کروانے کا بھی مطالبہ کیا اور حکومت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ مانا۔حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں شامل پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نوید قمر نے مذاکرات کا ہونا خوش آئند اور بڑا قدم قرار دیا۔انہوں نے دعوی کیا کہ حکومت اور اپوزیشن کی سوچ میں بہت فرق ہے، باور کرایا کہ مذاکرات میں ایک ایک قدم پیشرفت ضرور ہوئی ہے جو اچھی بات ہے۔وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ مذاکرات 100 فیصد کامیاب ہوں گے اور واضح کیا کہ مذاکرات کا کوئی ضامن نہیں جب فریقین سیاسی مذاکرات کرتے ہیں تو دل کھول کر بات کی جاتی ہے۔اجلاس سے قبل اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے مذاکرات میں حکومت کی غیر سنجیدگی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کمیٹی میں سینئر سیاستدانوں کو شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کردیا کہ میرا کام صرف سہولت کاری ہے، دونوں فریق اپنا فیصلہ خود کریں گے۔اسٹیبلشمنٹ کی مذاکرات میں رضا مندی کے سوال پر دعویٰ کیا کہ ان کا صرف حکومت اور اپوزیشن سے رابطہ ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے کمیٹی کی ملاقات کرانے کا معاملہ مذاکرات میں اٹھانے کا مشورہ دے دیا۔پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن علامہ راجا ناصر عباس نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کی میز پر ہی مسائل کو حل کیا جاتا ہے، ملک اس وقت مسائل میں گھرا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے حکومت کو پہلا قدم اٹھانا چاہیے تھا لیکن بانی پی ٹی آئی کا یہ پہلا قدم اٹھانا ان کے محب وطن ہونے کی دلیل ہے۔سنی اتحاد کونسل کیسربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عمران خان کی رہائی ہمارے مطالبات میں شامل ہے، اسٹیبلشمنٹ آن بورڈ ہے یا نہیں، اس کا جواب حکومت دے گی۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا کہ ہم بڑے کھلے دل اور دماغ کے ساتھ اچھی توقعات لے کر مذاکرات کے لیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی کو ایک طرف رکھتے ہوئے اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور توقع ہے کہ اس کے اچھے نتائج نکلیں گے۔حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن خالد مقبول صدیقی نے سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کے غلط اور صحیح ہونے پر اسمبلی میں آنا نہیں چھوڑ سکتے۔پارلیمنٹ میں گفتگو کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ ایوان میں جوبھی جیسا ہے بات تو کرنی پڑتی ہے، فلاں کے غلط اور صحیح ہونے پر آپ اسمبلی میں آنا نہیں چھوڑ سکتے