کھیل کو سیاست اور سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے، وزیراطلاعات

0
23

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کھیل کو سیاست اور سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے، پاکستان نے کھیل کے میدان میں اچھی کامیابیاں حاصل کی ہیں، 2025ء خوشخبریوں اور سیاسی استحکام کا سال ہے، اڑان پاکستان ایک وژن ہے جس میں کھیل بھی شامل ہے، ہم نے اڑان پاکستان پروگرام سے شاہین کی طرح ٹیک آف کرنا ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، اب تو سیاسی مخالفین بھی پاکستان کے معاشی استحکام کے معترف ہیں، سیاستدان آپس میں بات چیت اور مذاکرات کرتے رہیں گے، بات چیت سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں میڈیا کرکٹ لیگ 2025ء کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے جنگ میڈیا گروپ سمیت تمام سپانسرز اور کرکٹ لیگ میں شریک تمام ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جتنا کھیلوں اور سپورٹس مین سپرٹ کو فروغ ملے گا، اس سے معاشرے میں مثبت سرگرمیاں جنم لیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جنگ میڈیا گروپ نے ایسے ایونٹس کے انعقاد میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، کرکٹ لیگ میں ٹی وی چینلز کی اکثریت ٹیمیں شامل ہیں، نوجوان اور متحرک کھلاڑی یہاں موجود ہیں، ہمارے نوجوان دن بدن مہارت حاصل کرتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شالیمار کرکٹ گرائونڈ کرکٹ کا خوبصورت میدان ہے جہاں شائقین کو اچھا کھیل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ انہوں نے میڈیا کرکٹ لیگ میں شامل تمام ٹیموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات ونرز اور رنر اپ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان نے آگے بڑھ کر بڑی فتوحات حاصل کی ہیں، چیمپئنز ٹرافی بھی پاکستان آ رہی ہے جو پاکستان میں بڑا ایونٹ ہے جس پر پوری قوم خوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصے بعد پاکستان عالمی سطح کے ایونٹ کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، الحمد اللہ ہم ایسے ٹورنامنٹس کی میزبانی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمارے پاس کرکٹ گرائونڈ کا انفراسٹرکچر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی وزیراعظم کی قیادت میں اچھا کام کر رہے ہیں، بطور چیئرمین پی سی بی انہوں نے بہترین انتظامات کئے، قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو کے لئے دن رات کام کر رہے ہیں، دیگر سٹیڈیمز کو بھی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے کامیاب انعقاد سے سب کو معلوم ہو گیا ہے کہ ہم بڑے ایونٹس آرگنائز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد سے پاکستان کا تشخص مزید بہتر ہوگا، جو ٹیمیں پاکستان آئیں گی ان کی مہمان نوازی اور انتظامات کے حوالے سے محسن نقوی نے بھرپور تیاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2025ء خوشخبریوں کا سال ہے، ہم معاشی استحکام حاصل کر رہے ہیں، مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے، سٹاک ایکسچینج دن بدن مثبت سمت میں گامزن ہے، سٹاک ایکسچینج ایک لاکھ 17 ہزار کی تاریخی حد عبور کر چکی ہے، ایکسچینج ریٹ نیچے آ رہا ہے، ترسیلات زر پاکستان آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڑان پاکستان منصوبے میں کھیل بھی شامل ہے، یہ کسی سیاسی جماعت کا وڑن نہیں، یہ پاکستان کا وڑن ہے کہ ہم نے ترقی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ بھی اس پروگرام میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے تشخص کی بہتری کے لئے کام کریں گے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان آگے بڑھے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں ٹیموں کی پاکستان آمد سے پاکستان میں سپورٹس اور کرکٹ کی بہتری ہوگی، نوجوانوں کو کرکٹ قریب سے دیکھنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔ پرانی یادوں کو بھی تازہ کرنے کا موقع ملے گا جب یہاں بڑے بڑے کھلاڑی آیا کرتے تھے اور یادگار میچ ہوا کرتے تھے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپورٹس مین سپرٹ ہر جگہ اور ہر شعبے میں ہونی چاہئے۔ انٹرنیٹ کے حوالے سے بہت بہتری آئی ہے، ماضی میں کچھ مسائل تھے لیکن اب بغیر شواہد کے سیاسی بات زیادہ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ملکوں میں انٹرنیٹ میں تکنیکی مسائل آتے رہے ہیں لیکن ہمارے ہاں نظام کافی بہتر ہے