“سانحہ سوات” انجینئر امیر مقام کی رضاکار محمد ہلال سے ملاقات ،خراج تحسین ،پھولوں کا ہار پہنایا

0
30

سوات (این این آئی)وفاقی وزیر و پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے حالیہ “سانحہ سوات” کے دوران اپنی بہادری اور انسانی خدمت کے جذبے سے قومی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والے رضاکار محمد ہلال سے ملاقات کی
وفاقی وزیر نے رضا کار محمد ہلال کو پھولوں کا ہار پہنایا اور شاندار خراج تحسین پیش کیا۔انجینئر امیر مقام نے محمد ہلال کی بے لوث خدمات اور بحرانی حالات میں ان کی بے مثال قربانی کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے رضاکار محمد ہلال کو “قوم کا سچا ہیرو” قرار دیا

وفاقی وزیر نے رضاکار محمد ہلال کو اپنی طرف سے انعام دیا ۔ محمد ہلال نے فوری اور نڈر اقدامات نے قیمتی انسانی جانیں بچائیں اور دوسروں کے لیے ایک قابل تقلید مثال قائم کی۔ امیرمقام نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ،رضاکار محمد ہلال کو ان کی شاندار عوامی خدمت کے اعتراف میں خصوصی انعام دینگے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ و فاقی حکومت رضاکار محمد ہلال کو بہادری اور خدمت کے جذبے پر خصوصی اعزاز سے نوازے گی۔ انہو ں نے کہا کہ ایسے افراد قوم کا فخر ہوتے ہیں اور ان کی مکمل حوصلہ افزائی اور پذیرائی ہونی چاہیے۔

پاکستان کو محمد ہلال جیسے ہیروز پر فخر ہے جو مشکل وقت میں انسانیت کی خدمت کے لیے بلا معاوضہ آگے بڑھتے ہیں۔امیرمقام نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کیوجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جو افسوسناک ہے۔

صوبائی حکومت کے وسائل عوام کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد پر چڑھائی کیلئے استعمال ہوتے ہیں۔