اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے چین کا ایک ارب ڈالر کا کمرشل قرض واپس کردیا جس سے زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر عارضی طور پر54 کروڑڈالر کم ہوکر6ماہ کی کم ترین سطح 10.6 ارب ڈالر پرآگئے۔سرکاری حکام کے مطابق پاکستان نے انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک آف چائنہ (آئی سی بی سی) کا یہ قرضہ اس ماہ کے پہلے اور تیسرے ہفتے 2مساوی قسطوں میں ادا کیا ہے۔آئی سی بی سی نے پاکستان کو یہ قرضہ تقریباً 7.5 فیصد کی فلوٹنگ شرح سود پر2سال قبل دیا تھا۔ذرائع کے مطابق اس بینک کے قرضہ کی 30 کروڑ ڈالر کی ایک اور قسط اپریل کے نصف میں ادا کرنا پڑے گی۔گورنر سٹیٹ بینک نے بتایاہے کہ حکومت پاکستان نے 2024ء میں مارکیٹ سے 9 ارب ڈالر خریدے ہیں۔اگر حکومت ایسا نہ کرتی تو آئی ایم ایف پروگرام سے رقم ملنے کے باوجود پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر بمشکل 2 ارب ڈالر ہونا تھے۔وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایاہے کہ ضرورت پڑی توآئی سی بی سی پاکستان کو مزید قرضہ دینے کو بھی تیار ہے جس کیلئے بات چیت شروع ہوچکی ہے،تاہم شرح سود کے معاملے پر ابھی اتفاق نہیں ہورہا۔پاکستان قرضوں کے معاملے میں چین پر زیادہ انحصار کررہا ہے۔چین چارارب ڈالر کاکیش ڈیپازٹ،6.5 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ اور 4.3 ارب ڈالرکی ٹریڈ فنانسنگ فسیلٹی مسلسل رول اوورکرتا آرہا ہے۔ا س سال اپریل سے جون تک 2.7 ارب ڈالر کے چینی قرضوں کی مدت ادائیگی بھی ختم ہورہی ہے۔اسی طرح تین چینی کمرشل بینکوں کے 2.1 ارب ڈالر کے سینڈیکیٹ فنانسنگ قرضے بھی جون تک میچور رہے ہیں۔ا سکے علاوہ بینک آف چائنہ کے30 کروڑ ڈالر بھی اسی ماہ ادا کرنا پڑیں گے جن کیلئے پاکستان نے ری فنانس کا بندوبست کر رکھا ہے تاکہ زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دیا جاسکے۔ماضی کے برعکس اس بار پاکستان کو اپنے قرضوں کی ادائیگی کیلئے آئی ایم ایف سے جلد سہارا ملنے کی امید نہیں۔گو کہ پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہوچکا ہے تاہم آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس کسی وجہ سے مئی یا جون سے پہلے نہیں ہورہا۔بورڈ کا اجلاس ہوگا تو پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر مل سکیں گے۔پاکستان کی خواہش ہے کہ جون سے پہلے پہلے اسے یہ پیسے مل جائیں۔اگر آئی ایم ایف کی بورڈ میٹنگ جون میں چلی جاتی ہے تو ممکن ہے کہ آئی ایم ایف کا سٹاف مالی سال 2025-26 کے بجٹ کا بھی جائزہ لینے بھی پاکستان کا دورہ کرے۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بہت سے معاملات ابھی طے ہونا باقی ہیں جن میں جائیدادکی خریداری پر ٹیکس،مشروبات اور تمباکو پر ٹیکس کے معاملات بھی شامل ہیں۔آئی ایم ایف معیشت کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے پراپرٹی پر ٹیکس کم کرنے پر ابھی تک آمادہ نہیں۔پاکستان نے گزشتہ ماہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر اپنا فارن فنڈنگ گیپ پورا کرنے کیلئے چین سے 3.4 ارب ڈالر کا قرضہ دوسال کیلئے ری شیڈول کرنے کی بھی درخواست کی تھی
مقبول خبریں
پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،جے سالک
اسلام آباد(این این آئی ) ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنونیئر اور سابق وفاقی وزیر جے سالک نےبھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کی مسلح...
حکومت ڈاکٹر عافیہ پٹیشن کیوں نمٹانا چاہتی ؟، کیس اب ایک تحریک بن چکا...
اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست میں ترمیم کی...
نیلم جہلم پراجیکٹ پر حملہ، بھارت کیخلاف عالمی عدالت میں جانا چاہیے، سپیکر قومی...
اسلام آباد(این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ نیلم جہلم پراجیکٹ پر حملہ کرنے پر بھارت کے خلاف عالمی عدالت میں جانا...
یومِ تشکر،پنجاب پولیس کا افواج پاکستان کو خراج تحسین، ملکی سلامتی کے عزم کا...
لاہور(این این آئی)آپریشن '' بنیان مرصوص'' میں دشمن کی عددی برتری کو عسکری مہارت سے شکست دینے اور تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر ملک...
یومِ تشکر پر شمالی وزیرستان میں قبائلی مشران کا جرگہ، سکردو میں طلبہ کا...
شمالی وزیرستان (این این آئی) شمالی وزیرستان کے قبائلی مشران نے معرکہ حق ''آپریشن بنیان مرصوص''میں فتح یابی پر خصوصی جرگے کا انعقاد کیا۔تفصیلا...