ایف آئی آر کیلئے تھانے میں موجود ہیں، پولیس درخواست وصول نہیں کر رہی، رہنما تحریک انصاف

0
260

گوجرانوالہ(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری زبیر نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر درج کروانے کیلئے تھانہ سٹی وزیر آباد میں موجود ہیں تاہم پولیس درخواست وصول ہی نہیں کر رہی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زبیر نیازی نے کہاکہ ایف آئی آر کے اندراج کیلئے تھانہ سٹی وزیر آباد میں موجود ہیں، ایس ایچ او نے موبائل فون سے درخواست کی تصویر لیکر ڈی پی او سے شیئر کی لیکن پولیس باضابطہ درخواست وصول نہیں کر رہی۔اس سے قبل زبیر نیازی نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹ پر بھی کہا تھا کہ مقدمہ درج ہونا تو دور کی بات، پولیس درخواست بھی وصول نہیں کر رہی۔یاد رہے کہ 3نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 13 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوا تھا۔تین روز گزرنے کے باوجود معاملے کی ایف آئی آر تاحال درج نہیں ہو سکی ، اس حوالے سے گزشتہ روز یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی قانون کے مطابق کارروائی کرنا چاہتے ہیں جبکہ عمران خان اپنی خواہش کے مطابق ایف آئی آر درج کروانا چاہتے ہیں۔