انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ، الیکشن کمیشن نے ن لیگ کو جواب کیلئے آخری موقع دیدیا

0
304

اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن )کے صدر شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو نوٹسز جاری کر دئیے۔مسلم لیگ (ن )کے انٹرا پارٹی الیکشن کے معاملے پر دائر درخواست کی سماعت نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے کی۔مسلم لیگ (ن )کی طرف سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا، پارٹی آفس کے ملازم پیش الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ممبر الیکشن کمیشن جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ نے ریمارکس دئیے کہ مسلم لیگ ن تو پارٹی الیکشن میں دلچسپی ہی نہیں لے رہی، کیا مسلم لیگ ن کی معطلی ہوئی ہے؟ ان کا نشان واپس لیا ہے؟۔حکام الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم نے پارٹی کو شوکاز نوٹس بھیجا ہے، جس پر ممبر الیکشن کمیشن نثار میمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو ایک آخری موقع دے دیتے ہیں۔ممبر الیکشن کمیشن کے پی نے ریمارکس دیے کہ اگلی سماعت تک مسلم لیگ ن کو معطل کریں۔الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن )کو آخری موقع دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) انٹر پارٹی الیکشن کی سماعت 21 نومبر تک ملتوی کر دی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو نوٹسز جاری کر دئیے۔