پاکستان نے ماضی میں بھی دہشتگردی کو شکست دی ہے،اب بھی خاتمے کیلئے پر عزم ہیں،ترجمان دفتر خارجہ

0
261

اسلام آباد (این این آئی)ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے ماضی میں بھی دہشتگردی کو شکست دی ہے اور اب بھی خاتمے کیلئے پر عزم ہیں،بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان کو بھی ڈوزئیر دیا گیا،بھارت دہشت گرد گروہوں کی معاونت بند کرے،پاک بھارت سمیت تمام تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا،چمن معاملے پر پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے، پاکستان روس سمیت دیگر ممالک سے سستے تیل کی خریداری کے لئے کوشاں ہے،بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کی خبر جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے، گرفتاری کے سوال کی کسی سنجیدہ صحافی سے توقع نہیں تھی۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریاں اور دہشت گرد گروہوں کی معاونت بند کرے۔انہوںنے کہاکہ پاک بھارت سمیت تمام تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں،بھارت بات چیت کیلئے موضوع ماحول پیدا کرے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت دہشت گردی کو ترک کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارتی ریاستی دہشت گردی پر پاکستان نے ڈوزئیر تیار کیا ہے، بھارتی ریاستی دہشت گردی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان کو بھی ڈوزئیر دیا گیا۔انہوںنے کہاکہ وزیر خارجہ نے دورہ امریکہ میں اہم ملاقاتیں کیں،ان ملاقاتوں میں بھارتی ریاستی گردی کا معاملہ اٹھایا گیا۔وزیر خارجہ کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکہ میں عالمی دنیا کو وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والی تباہی سے آگاہ کیا ہے،موسمیاتی تبدیلی سے ترقی پزیر ممالک متاثر ہورہے ہیں۔انہوںنے بتایاکہ دورے کے دوران سیلاب سے متعلق ڈونرز کانفرنس کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ چمن معاملے پر پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان چاہتا ہے کہ افغان سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو۔چمن معاملے پر افغان ناظم الامور کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا،چمن بلا اشتعال فائرنگ سے جانی و مالی نقصان ہوا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ برادرانہ و دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان روس سمیت دیگر ممالک سے سستے تیل کی خریداری کے لئے کوشاں ہے، بیرون ممالک مشنز کو تنخواہوں اور اخراجات کیلئے رقوم کی وصولی شروع ہو گئی۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک پاکستان اور چین کیلئے اہم منصوبہ ہے،پاک چین مشترکہ کمیٹی کے اجلاس میں سی پیک کے منصوبوں کو تمام زاویوں سے جائزہ لیا گیا۔ ترجمان نے کہاکہ دونون فریقین نے سی پیک کو بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ برس سی پیک کی دسویں سالگرہ. منائی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ کلبھوشن جادیو پر اسٹیٹس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کی خبروں کو جھوٹ قرار دیدیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کی خبر جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے، گرفتاری کے سوال کی کسی سنجیدہ صحافی سے توقع نہیں تھی۔ترجمان نے بتایا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 6 ماہ میں 16 ممالک کے دورے کیے جن میں وزیرخارجہ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، سوئٹرزرلینڈ، ترکی، ازبکستان، امریکا، جرمنی، مصر، انڈونیشیا، سنگاپور اور کمبوڈیا کا بھی دورہ کیا