دیامر بھاشا ڈیم حدود تنازعہ کیس، سپریم کورٹ نے دیامر اور کوہستان کے قبائل میں جرگے کے تحت جھگڑا ختم ہونے پر کیس نمٹا دیا

0
139

اسلام آباد (این این آئی)دیامر بھاشا ڈیم حدود تنازعہ کیس، سپریم کورٹ نے دیامر اور کوہستان کے قبائل میں جرگے کے تحت جھگڑا ختم ہونے پر کیس نمٹا دیا جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دیامر بھاشا ڈیم کی زمین پر تنازعے کے حل کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی ، چیف جسٹس پاکستان نے کہا ہے کہ اگر گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا حکومتوں میں تنازعہ ختم نہ ہوا تو مشترکہ مفادات کونسل میں لے جائیں۔دیامر بھاشا ڈیم کی زمین پر قبائل، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان حکومتوں میں تنازعے کا کیس چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ دیامر اور کوہستان کے قبائل میں 8 کلومیٹر کی زمین پر دس سال قبل جھگڑا ہوا جس میں گلگت بلتستان کے علاقے تھور اور خیبر پختونخوا کے علاقے ہربن میں قبائل کے تصادم پر 4 افراد جاں بحق ہوئے،جرگے نے قبائل کے جھگڑے پر فیصلہ کردیا اور متاثرین کو 4 کروڑ روپے ادا کردیے گئے۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخواہ نے کہاکہ ابھی صرف قبائل کا جھگڑا ختم ہوا، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ حکومت کا تنازعہ ختم نہیں ہوا ہے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہمارے پاس حکومتوں کے جھگڑے نہ لائیں اور اب تو غیر سیاسی حکومت ہے امید ہے تنازعہ نہیں ہوگا۔