امریکہ میں پاکستانی سفیر کا کمیونٹی میں اتحاد اور یکجہتی اور ملک کے مفادات کیلئے کام کرنے پر زور

0
182

اٹلانٹا، جارجیا(این این آئی)امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں تقریباً 10 لاکھ پاکستانی کمیونٹی قابل ذکر قوت ہے،پیشہ ور افراد، کاروباری رہنماؤں، کاروباری افراد اور ٹیک سیوی نوجوان پر مشتمل اس کمیونٹی کا مستقبل روشن ہے۔امریکی ریاست جارجیا کے دارالحکومت اٹلانٹا میں پاکستانی کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سفیر مسعود خان نے مختلف شعبوں میں پاکستانی کمیونٹی ممبران کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ان کو پوشیدہ ہیرے قرار دیا۔ سفیر نے پرجوش اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان امریکہ تعلقات کا ستون اور محور ہیں۔ پاکستانی امریکن فرینڈز آف اٹلانٹا کی صدر صنم عظیم نے اٹلانٹا میں سفیر پاکستان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اٹلانٹا میں پاکستانی کمیونٹی سب سے زیادہ مہمان نواز، خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والی کمیونٹی ہے۔پاکستانی ڈاکٹروں کی معروف تنظیم اپنا (جارجیا ) کی صدر ڈاکٹر ثانیہ نیاز نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ملک کے پسماندہ علاقوں میں اپنا کی خدمات اور دیگر سرگرمیوں خصوصاً آفات کے دوران سر انجام دی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔صدر اوپن اٹلانٹا رابعہ بھٹی نے کہا کہ تنظیم اٹلانٹا میں پاکستانی کمیونٹی کو ترقی دینے اور روابط کاری بڑھانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوپن اٹلانٹا کمیونٹی کو ہر ممکن طریقے سیانگیج کرنے اور اٹلانٹا آنے والی آنے والی نسلوں کے لیے مواقع تلاش کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے۔صدر اٹلانٹا سٹیزن فاؤنڈیشن عبد اللہ جعفری نے اس موقع پر پاکستان میں تنظیم کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹی سی ایف تعلیم کے ذریعے ملک میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے کوشاں ہے۔ اس موقع پر کارٹر سینٹر کے نائب صدر کشف اعجاز، اینگرو بورڈ کی ممبر محترمہ حنا انعام، کوب کاؤنٹی کے مجسٹریٹ جج توقیر چوہان، پادری یونس فرحت، رحیم شاہ اخونخیل، پاکستان بزنس کونسل (جارجیا) اور وائسز آف مسلم نے بھی خطاب کیا۔