کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا، سابق کمشنر کے الزامات پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا

0
174

اسلام آباد (این این آئی)سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے مبینہ دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی اعلٰی سطح کی تحقیقاتی کمیٹی نے تفتیش کا آغاز کردیا ہے جس دوران گواہان نے سابق کمشنر کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ 5 ڈپٹی کمشنرز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کے بیانات قلمبند کر لیے گئے ہیں، تمام افسران نے سابق کمشنر کے الزامات کی تردید کردی ہے۔ذرائع کے مطابق افسران نے مؤقف اپنایا ہم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا۔ذرائع نے کہا کہ کہ اگلے مرحلے میں ریٹرننگ افسران کو طلب کرکے بیان ریکارڈ کیا جائیگا، راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات بھی قلم بند کرے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی خصوصی کمیٹی نے ٹی او ارز طے کیے تھے۔