فواد چوہدری کی پی ڈی ایم کو پارلیمان میں مذاکرات کی پیش کش

0
291

اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو پارلیمان میں مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی ٹکراؤ کی پالیسی پر نظر ثانی کرے، عمران خان اور حکومت کہیں نہیں جارہی ہے اور نہ ہی آپ بھیج سکتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں مذاکرات اور رابطوں کے دروازے کھلے رہنے چاہئیں، آئیے بات کرتے ہیں اور آگے چلتے ہیں،نواز شریف کا بیانیہ اب پنجاب میں نہیں بک سکتا ،،مریم نواز کی تقریر صرف والد ، چچا اور بھائی پر تھی ،وزیراعلیٰ کو اچکزئی کی پنجاب میں پابندی عائد کردینی چاہیے۔ معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ لاہور کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ پی ڈی ایم کے جلسے کو مسترد کیا ،انہوں نے جلسے کو ناکام کر کے بتایا ہے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں ؟۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہماری سوچ کی بنیاد کے خلاف ہے ،پی ڈی ایم کبھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ انہوںنے کہاکہ فوج کے خلاف جو عوام کو بھڑکایا جا رہا ہے عوام ہرگز اس کا ساتھ نہیں دینگے اور لاہور جلسہ یہ وجہ تھی کہ ناکام ہوا ۔ انہوں نے کہاکہ محمود اچکزئی ایک مشن پر ہیں ،یہ پاکستان کے مخالف ہیں یہ وفاق کے مخالف ہیں یہ اعلیٰ کار ہیں ،وہ پنجاب میں پنجاب کے خلاف بات کرتے ہیں وہ وفاق کے خلاف بات کرتے ہیں ان کا کام ہی یہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کی عزت پنجاب کی وجہ سے ہے،یہ پنجاب کی بے عزتی (ن )لیگ کے ایم این اے اور ایم پیز نے مسکراتے مسکراتے سنی،سعد رفیق کچھ روز پہلے کہہ رہے تھے جاگ پنجابی پنجابی، جب محمود اچکزئی نے یہ بات کی خواجہ سعد رفیق کھانسی کا شربت پی رہے تھے، انہوںنے کہاکہ ذوالفقار علی بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد لاہور میں رکھی،پاکستان کی بقا میں سب سے زیادہ خون پنجابیوں کا بہا ہے ،(ن )لیگ کی قیادت کی خاموشی نے پنجابیوں اور پاکستانیوں کا دل توڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک بیرونی ایجنٹ ا کر لاہور میں جلسہ کرے اور ان کے خلاف باتیں کریں تو ہمارا گلہ تو پی ڈی ایم سے بنتا ہے ،پی ڈی ایم کی خاموشی نے ہم سب کا دل لاہوریوں کا دل تھورا ہے ،مسلم لیگ ن نے پنجاب کی پیٹھ میں پہلے بھی وار کیا تھا۔فواد چوہدری نے کہاکہ مریم نواز نے تقریر کا مقصد کچھ بھی نہیں تھا ،بس وہ اپنی لیڈر شپ پر برستی رہی ہیں ،پی ڈی ایم کا جلسہ اس تحریک کی ناکامی کا ثبوت تھا ،ان کی ناکامی پورے ملک نے دیکھی ہے ،ملک میں سیاسی استحکام بہت ضروری ہے ،ہم نے پاکستان کی سیاست کو بہتر بنانا ہے ،یہ تمام لوگ تو پارلیمنٹ کا حصہ ہی نہیں ہیں ان کا مقصد ملک میں سے جمہوریت ختم کرنا ہے ،ابو بچاو مہم بہت بری طرح سے ان کی ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں موجود لوگوں کو اپنی سٹریٹجی کے اوپر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لیے ان کا دھرنہ دینا کوئی فکر کی بات نہیں ہے ،وزیراعظم عمران خان بتا چکے پارلیمان ایک بہترین مقام ہے ہم سے بات تو کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب تمام صوبوں کے لیے اجناس کی سبسڈی دے رہا ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ مریم نواز، فضل الرحمن وغیرہ تو پارلیمنٹ کا حصہ ہی نہیں ،پارلیمنٹ کے اندر جو لوگ ہیں انہیں پارلیمان کی بات کرنی چاہیے ،ملک کے اندر سیاسی استحکام آنا چاہیے اس کی ضرورت ہے ،الیکٹورل اصلاحات نہ کرنے میں تو حکومت کا فائدہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہم اپوزیشن سے کہنا چاہ رہے ہیں کہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔