امریکہ نے سلامتی کونسل سے جوبائیڈن روڈ میپ کی حمایت کا مطالبہ کر دیا

0
83

واشنگٹن(این این آئی)امریکہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک ایسا مسودہ پیش کیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صدر جوبائیڈن کے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے پیش کردہ خاکہ کی حمایت کی جائے۔ یہ خاکہ امریکی صدر نے پچھلے ہفتے پیش کیا تھا اور حماس پر زور دیا تھا کہ اسے قبول کر لے۔غیرملکی خبررساں ادار ے کے مطابق امریکہ سفیر برائے اقوام متحدہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے اس موقع پر کہا کہ اس روڈ میپ کی کئی رہنما اور حکومتیں حمایت کر چکی ہیں ۔ ان میں خطے کے رہنما اور حکومتیں بھی شامل ہیں۔مسودہ جسے اس کے نمائندے نے دیکھا ہے اس میں روڈ میپ کی حمایت کی گئی ہے۔ نیز حماس سے اسے فوری اور غیر مشروط طور پر تسلیم کرنے کا کہا گیا ہے۔واضح رہے صدر جوبائیڈن نے جمعہ کو پیش کردہ اپنے اس روڈ میپ کے تین مراحل بتائے تھے۔ خیال رہے جوبائیڈن نے یہ روڈ میپ جمعہ کے روز پیش کیا تھا ۔ اس کے تین مراحل میں جنگ بندی معاہدے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ جنگ روکی جائے، یرغمالی رہا کیے جائیں اور غزہ کی تعمیر نو اس طرح کی جائے کہ حماس کی حکومت باقی نہ رہے۔تاہم امریکہ اور اسرائیل کے درمیان اس امر پر اس وقت اختلاف پیدا ہو گیا جب نیتن یاہو نے کہہ دیا کہ اسرائیل اپنے جنگی اہداف پورے کیے بغیر جنگ بندی نہیں کرے گا۔ جن میں اہم ترین ہدف حماس کو مکمل تباہ کرنا ہے۔ اسرائیلی میڈیا میں اس روڈ میپ کی جزئیات پر کئی سوال بھی اٹھائے گئے ہیں۔