ہم سب خطے کے بہتر مستقبل کی امید ہیں،امیر قطر

0
278

دوحہ (این این آئی)خلیجی ریاست قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سعودی عرب کے شہر العلا میں ہونے والے خلیج تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس کے بعد کہا ہے کہ ہم سب خطے کے بہتر مستقبل کی امید ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کردہ ٹویٹس میں امیر قطر کا کہنا تھا کہ خلیج سمٹ اس فیصلہ کن لمحے پر ہمیں ہماری ذمہ داریوں ، کونسل کے سفرکو آگے بڑھانے اور ہماری قوموں کی امنگوں کی ترجمانی کرنے کا احساس دلاتا ہے۔ میں نے دوسرے عرب بھائیوں کے ساتھ خلیج سربراہ کانفرنس میں شرکت کرکے تنازعات کو ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہم سب خطے کے بہتر مستقبل کی امید ہیں۔ایک دوسری ٹویٹ میں امیر قطر نے کہا کہ میں برادر ملک سعودی عرب کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوںنے العلا میں میرا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے علاوہ کویت کی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرنا ضروری ہے جس کی مساعی سے ہم ایک مقام پر مل بیٹھنے میں کامیاب ہوئے۔امیر قطر نے خلیج تعاون کونسل میں مدعو کیے جانے پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو برقی پیغامات میں ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔امیر قطر نے جی سی سی سمٹ میں خلیجی قیادت کے درمیان درمیان بھائی چارے کا ماحول پیدا کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔امیر قطر کا کہنا تھا کہ العلا میں ہونے والی جی سی سی سربراہ کانفرنس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ یہ کانفرنس کونسل کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی اور خلیجی اقوام کی فلاح اور بہتری کے لیے امید کی کرن ثابت ہو گی۔جی سی سی سربراہ کانفرنس کے اختتام پر امیر قطر جب واپس اپنے ملک روانہ ہوئے تو سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے انہیں الوداع کیا۔