یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ، حفیظ شیخ ہار گئے

0
57

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے امیدوار سابق وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جنرل سیٹ پر حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دیکر کامیابی حاصل کر لی ، تحریک انصاف کی امیدوار فوزیہ ارشد نے خواتین کی نشست پر مسلم لیگ (ن) کی امیدوارفرزانہ کوثر شکست دی۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق سینٹ انتخابات کیلئے قومی اسمبلی میں340 ووٹ کاسٹ ہوئے جن میں سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حکومتی امیدوار حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کیے اور اس طرح یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دیکر اسلام اٰباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے۔ ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جنرل نشست پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی جس میں اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے ،حکومت کی جانب سے دوبارہ ووٹنگ کرائی گئی تاہم دوبارہ ووٹنگ میں بھی یوسف رضا گیلانی کامیاب قرار پائے۔اسلام آباد سے خواتین کی نشست پر ن لیگ کی فرزانہ کوثر اور تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد کے درمیان مقابلہ تھا،اس مقابلے میں تحریک انصاف کی فوزیہ نے ارشد نے 174 ووٹ حاصل کیے اور سینیٹر منتخب ہوئیں۔مسلم لیگ (ن)کی فرزانہ کوثر نے 161ووٹ لئے ہیں 5ووٹ مسترد ہوئے ، ریٹرننگ افسر کے مطابق ٹوٹل 340ووٹ کاسٹ ہوئے ۔یاد رہے کہ سینیٹ انتخابات کا سب سے دلچسپ اور بڑا معرکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جنرل نشست پر تھا جہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ ایک دوسرے کے مدمقابل تھے۔ حکومتی اتحاد کے پاس 181 جبکہ اپوزیشن نشستوں پر موجود جماعتوں کے پاس 160 نشستیں تھیں۔قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے مولانا عبدالاکبرچترالی کے سوا تمام 340 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے۔ دوسری جانب حکومت نے سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے کہاکہ غیر حتمی طور پر 7 ووٹ مسترد ہوئے ہیں اور 5 ووٹ کا فرق ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ابھی اس نتیجہ کو چیلنج کریں گے۔
٭٭٭٭