شوکت خانم کے ڈونرز کو پی ٹی آئی ڈونر ظاہر کر کے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں شامل کرنا خوفناک انکشاف ہے’مریم اورنگزیب

0
248

لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ شوکت خانم کے ڈونرز کو پی ٹی آئی ڈونر ظاہر کر کے اسکروٹنی کمیٹی رپورٹ میں شامل کرنا خوفناک انکشاف ہے، عمران صاحب نے خیراتی ادارے کو منی لانڈرنگ اور اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا جرم کیا، شوکت خانم کے ڈونرز کا اعتراض سنگین معاملہ ہے کہ ان کے چندے کو پی ٹی آئی کے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کیا گیا۔اپنے بیا ن میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ الیکشن کمشن اس مجرمانہ انکشاف کے بعد فارن فنڈنگ کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنے اور کاروائی لائیو ٹیلی کاسٹ کی جائے، فارن فنڈنگ کیس میں 8 والیمز اِس لئے چھپائے جا رہے ہیں کہ خیرات کے پیسے کو سیاسی فنڈ میں تبدیل کیا گیا، عمران صاحب کی کرپشن، منی لانڈرنگ اور غیرملکی غیرقانونی سرمائے کی تفصیل خفیہ رکھی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق اسٹیٹ بینک سمیت تمام دستاویزات کو پبلک کیا جائے۔انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کی درخواستیں مسترد کرنے کے باوجود 8 والیمز کو چھپایا جا رہا ہے، عمران صاحب نے پارٹی ملازمین کے نجی اکائونٹس میں بھاری رقوم منگوائی ہیں، ان کا ریکارڈ بھی ابھی تک سامنے نہیں آیا، عمران صاحب کے برطانیہ، امریکہ، آسٹریلیا، فن لینڈ سمیت غیرملکی بینکوں میں اکائونٹس کی تفصیل بھی ابھی آنا باقی ہے، الیکشن کمیشن روزانہ کی بنیاد پر فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کرے، 7 سال سے زیر التوا مسئلے پر قانون اور انصاف کے تقاضے بلا تاخیر پورے کئے جائیں۔