وزیراعظم عمران خان اور فوجی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں،شیخ رشید احمد

0
278

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور فوجی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں اور ملک کا فائدہ بھی اسی میں ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان ایک ہی صفحے پر ہوں، فوجی قیادت منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی ،احتساب عمران خان کا سب سے بڑا نعرہ تھا ،ہمیں ہ کامیابی نہیں ملی جو ملنی چاہیے تھی، نوازشریف کو ہم نے خود بھیجتا ہے ، سابق وزیر اعظم سب کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کامیاب ہو گئے اور باہر چلے گئے، واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں ،وزیراعظم اور شہزاد اکبر کی ناراضگی کی وجہ نواز شریف اور پیسے واپس نہ لانا ہے،احتساب کے عمل میں ہر جگہ ہی بہتری کی گنجائش ہے،ہمیں کیسز اچھے تیار کرنے کی ضرورت ہے، اچھے وکیل ہوں،عمران خان میں ارادے کی کمی نہیں، وہ کہتے ہیں این آر او دینا غداری ہو گی،آئندہ دو ماہ تک دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے ،جوہر ٹائون دھماکے میں وزارت داخلہ کے پاس انڈین خفیہ ایجنسی را کے ملوث ہونے کے ثبوت ہیں،بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا ہے افغان طالبان کا ٹی ٹی پی پر زور نہیں چلتا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ فوجی قیادت کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔حکومت اور فوج کے درمیان اختلافات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے اختلاف تو ہو سکتے ہیں، سول حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی سوچ اور رائے میں فرق تو ہو سکتا ہے مگر ایسا نہیں کہ وہ ایک صفحے پر نہ ہوں۔