افغانستان کے دوصوبوں میں طالبان کے حملے،12 افغان پولیس اہلکار ہلاک

0
532

کابل(این این آئی )افغانستان میں طالبان کے حملوں میں 12 افغان پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے ۔غیرملکی خبرساں ادارے کے مطابق طالبان نے لوگر اور قندھار صوبوں میں حملے کیے۔ ان میں بارہ افغان پولیس مارے گئے۔لوگر کے صوبائی گورنر کے ترجمان دیدار لوانگ نے بتایا کہ سات پولیس اہلکار ہلاک اور تین دیگر اس وقت زخمی ہو گئے جب طالبان نے لوگر صوبے کے محمد آغا ضلع میں ان کی گاڑیوں پر حملہ کر دیا۔یہ پولیس اہلکار دارالحکومت کابل کے جنوب میں واقع لوگر میں تانبے کی کانوں کی حفاظت پر مامور تھے۔ لوگر کی ریاستی پولیس نے بھی اس حملے کی تصدیق کی ۔ایک دوسرا دھماکہ طالبان کے گڑھ سمجھے جانے والے قندھار میں ہوا جب کہ ایک خود کش بمبار نے دھماکہ خیز مادوں سے لدی ہوئی اپنی کار پولیس کی گاڑی سے ٹکرادی۔ یہ حملہ قندھار کے مائی وند ضلع میں پیش آیا۔ اس میں چار پولیس والے زخمی بھی ہو گئے۔افغان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دس دنوں کے دوران طالبان نے چھ خود کش حملے اور 62 بم حملے کیے۔ ان میں 60 سے زائد شہری ہلاک اور 180 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔یادرہے کہ اقوام متحدہ نے جنوری میں ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے قریبا 500 جنگجو موجود ہیں۔ طالبان نے ان کے ساتھ قریبی روابط استوار کر رکھے ہیں جبکہ طالبان افغانستان میں القاعدہ کی موجودگی سے انکار اور ایسی اطلاعات کی تردید کرتے ہیں۔