حکومت نوجوانوں کو زراعت کے شعبے میں فائدہ پہنچانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کریگی،فرخ حبیب

0
177

اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو زراعت کے شعبے میں فائدہ پہنچانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی،کم مارک اپ ریٹ پر کم آمدنی والے افراد کو قرض کی سہولت سے 40 سے 60 فیصد غریب خاندانوں کے معیار زندگی میں بہتری آنے میں مدد ملے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، بجٹ میں اعلان کیا گیا ہے معاشرے کے غریب طبقے کو ترقی دینے کیلئے منصوبے بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی معیشت کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے، اس کے باوجود حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام ترقی یافتہ ممالک کی افراط زر متاثر ہوئی ہیں لیکن پاکستان میں پائیدار معاشی پالیسیوں کی بدولت افراط زر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، پائیدار معاشی شعبوں میں ترقی کے ذریعے غربت کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس حوالے سے بڑے پیمانے پر مینوفیکچرنگ کے شعبہ پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم تنخواہ دار طبقہ کو850 سی سی کار خریدنے پر ٹیکسوں میں چھوٹ دی گئی ہے، حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت موٹر سائیکلوں کی فروخت میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ کاشتکاروں کو سبزیوں اور پھلوں کی سٹوریج کیلئے کولڈ سٹور سسٹم کی تعمیر کیلئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے، حکومت نوجوانوں کو زراعت کے شعبے میں فائدہ پہنچانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ تیار کرنے والی معاشی ٹیم نے قابل تعریف کام کیا ہے، موجودہ حالات کے باوجود ایک متوازن بجٹ پیش کیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کم مارک اپ ریٹ پر کم آمدنی والے افراد کو قرض کی سہولت سے 40 سے 60 فیصد غریب خاندانوں کے معیار زندگی میں بہتری آنے میں مدد ملے گی، کاشتکار بھی زراعت کے شعبے کو مزید ترقی دینے کیلئے کم مارک ریٹ پر قرضے کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔