بجٹ سے صنعتی شعبے کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی،عمر ایوب

0
150

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بجٹ سے صنعتی شعبے کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی،حکومت صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹرانسمیشن لائنوں، گرڈ سٹیشنوں اور فیڈرز پر ایک بڑی رقم خرچ کر رہی ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ کے اعلان کردہ ترقیاتی بجٹ سے صنعتی شعبے کو چلانے اور عوام کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے ذریعے باوقار آمدنی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، اس کے علاوہ کامیاب جوان پروگرام کے لئے بھی 10 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 900 ارب روپے کی ترقیاتی بجٹ سے غربت کے خاتمے کے علاوہ ہر شعبے میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی، 97 ارب روپے ڈیموں کی تعمیر کے لئے مختص کیے گئے ہیں، جس سے زراعت اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ بجلی کے شعبے میں گذشتہ حکومت کی طرف سے کئے گئے مہنگے معاہدوں کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ آئی پی پیز سے معاہدہ کرنے کے بعد حکومت نے اربوں روپے کی بچت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ٹرانسمیشن لائنوں، گرڈ سٹیشنوں اور فیڈرز پر ایک بڑی رقم خرچ کر رہی ہے۔