اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا کریڈٹ اپوزیشن کو جاتا ہے، سینیٹر فیصل جاوید

0
328

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی، گالی گلوچ کا ماحول پیدا کرنیکا کریڈٹ اپوزیشن کو دیدیا۔اپنے بیان میں فیصل جاوید نے کہا کہ عدم برداشت بڑھ گیا ہے جو قطعاً ٹھیک نہیں، اسمبلی میں ہنگامہ آرائی،گالی گلوچ کا ماحول پیدا کرنیکا کریڈٹ اپوزیشن کوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں کچھ اور طے ہوتا ہے اور پارلیمان کے اندر کچھ اور ہوتا ہے، اپوزیشن نے پہلے دن سے شوروغْل مچا رکھا ہے، انہیں ہوش کے ناخن لینے ہونگے۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ کبھی بھی کسی وزیراعظم کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی نہیں کی جاتی، ہم نے نواز شریف کی پانامہ پر اسمبلی میں (جھوٹی) تقریر بھی نہایت خاموشی سے سنی تھی۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جب جب اسمبلی میں تقریر کی، اپوزیشن نے بھرپور ہنگامہ آرائی برپا کی، یہ چھوئی موئی اپوزیشن ہے، تعمیری نہیں۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں گالی گلوچ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، اس قسم کے رویے کسی صورت زیب نہیں دیتے، خواتین کا احترام انتہائی ضروری ہے۔فیصل جاوید نے لکھا کہ نون لیگ کی طرف سے خواتین اراکین کو نشانہ بنانا انتہائی افسوس ناک بات ہے۔