قومی سلامتی کمیٹی میں عدم شرکت ،پیپلزپارٹی نے وزیراعظم سے وضاحت کا مطالبہ کردیا

0
279

اسلام آباد (این این آئی)قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی میں عدم شرکت کے معاملے پر پیپلزپارٹی نے وزیراعظم سے وضاحت کا مطالبہ کردیا۔ اپنے بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ وزیراعظم کی قومی سلامتی کمیٹی میں عدم شرکت سے ایک منفی پیغام گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم افغانستان کے معاملے پر کتنے سنجیدہ ہیں اس کا اندازہ انکی اجلاس سے لاتعلق رہنے سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کیا وزیراعظم نے اجلاس میں شرکت نہ کر کے یہ پیغام دیا کہ خارجہ اور داخلا پالیسی سے ان کا کوئی تعلق نہیں،کیا یہ سمجھا جائے کہ قومی سلامتی کمیٹی میں متعلقہ لوگوں کو مدعو کیا گیا اور وزیراعظم خود کو غیر متعلقہ شخص سمجھ رہے ہیں؟ ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کے لئے قومی سلامتی کمیٹی سے زیادہ بھی کوئی اہم مصروفیات تھیں؟ ،اپوزیشن جماعتوں نے اجلاس میں شرکت کرکے سنجیدگی کا مظاہرہ کیا اور اپنا موقف رکھا۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ملکی معاملات پر کبھی سیاست نہیں کی بلکہ قومی سلامتی کے معاملات پر ہمیشہ ریاست کا ساتھ دیا ہے،وزیراعظم خود اپوزیشن کو دیوار سے لگا کر نفرتیں پیدا کرنا چاہتے ہیں،وزیراعظم کو قومی سلامتی کے معاملات پر کنٹینر کی سیاست زیب نہیں دیتی۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم بتائیں کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں  شرکت نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں؟
٭٭٭٭٭