مون سون کی بارشوں سے خطرہ کے پیش نظر محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری

0
229

اسلام آباد (این این آئی)مون سون کی بارشوں سے دریائوں میں سیلاب کے خطرہ کے پیش نظر محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے بعد متعلقہ وفاقی وزارتوں او صوبائی اداروں کو پیشگی اقدامات کرنے کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دریائے چناب میں 12 سے 13 جولائی کے دوران سیلاب کا خطرہ ہے، 12 جولائی کو مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح دو سے تین لاکھ کیوسک تک جاسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق خانکی کے مقام پر تیرہ جولائی کو اونچے درجے کے سیلاب کاخدشہ ہے ،خانکی کے مقام پر تیرہ جولائی کو چھ بجے دو سے تین لاکھ کیوسک کا ریلہ گزرے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق قادر آباد کے مقام پر بھی انچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ،تیرہ جولائی کو رات بجے سے صبح چھ بجے تک دو سے تین لاکھ کیوسک پانی کا ریلہ گزرے گا ،دریائے چناب سے منسلک نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ہے ،نالوں میں بارہ جولائی کی شام چھ بجے سے رات بارہ بجے تک طغیانی کا خطرہ ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تمام متعلقہ ادارے مذکورہ دورانئے میں الرٹ رہیں ،کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بروقت حفاظتی اقدامات کئے جائیں ۔