شاہ حسین کو مختلف مشقتیں ، بی اے ، خون دینے اور اچھے چال چلن کی بنیاد پر ریمیشنز دی گئیں’ فیاض الحسن چوہان

0
221

لاہور( این این آئی) صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے قانون کی طالبہ کو چھریوں کے 26وار کر کے شدید زخمی کرنے کے جرم میں سزا پانے والے شاہ حسین کوغیر معمولی ریمیشن دے کر رہائی کی خبروں پر وضاحتی بیان جاری کردیا ۔ وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یہ کہا جا رہا ہے کہ مذکورہ مجرم کو غیر معمولی ریمیشن دے کر رہا کر کیا گیا اس میں کوئی حقیقت نہیں، دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مختلف مواقع پر قیدیوں کی سزائوں میں کمی کی جاتی ہے،صدر، وزیراعظم، ہوم سیکرٹری، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ جیل بھی ریمیشن دینے کا اختیار رکھتے ہیں،مجرم شاہ حسین کو مندرجہ بالا ریمیشنز میں سے کوئی بھی ریمیشن نہیں دی گئی،مجرم شاہ حسین کی سزا میں کمی چار تکنیکی بنیادوں پر ہوئی جس میں مجرم کو مختلف مشقتیں کرنے، بی اے کرنے، خون دینے اور اچھے چال چلن کی بنیاد پر ریمیشنز دی گئیں۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ان ریمیشنز کی بنیاد پر مذکورہ مجرم کی سزا میں تقریباً سترہ ماہ کی کمی ہوئی،یہ تمام ریمیشنز آئین پاکستان اور قوانین کے مطابق ہیں۔