اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان پوری طرح کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے ، عالمی برادری بھارت پر دباو ڈالے کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ انسانوں والا سلوک کرے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہٹلر جیسا آمرانہ وجابرانہ قدم اٹھایا،بھارت اپنے یک طرفہ اقدامات کو کالعدم قرار دے اور ریاستی جبر و دہشتگردی کے تمام ہتھکنڈے ختم کرے، بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کا احترام کرے اور کشمیریوں کو استصواب رائے کا اپنا حق استعمال کرنے دے۔بدھ کو اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے 5اگست 2019کو طاقت کے نشے میں بدمست ہوکر غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں ہٹلر جیسا آمرانہ وجابرانہ قدم اٹھایا،اس اقدام کے ذریعے بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے سست روی سے جاری سونامی کی رفتار میں اضافہ کردیا ،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو پس پشت ڈال کر دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت نے ظلم وجبر کے ہر ہتھکنڈے کا بہیمانہ استعمال کیا، یہ وہی ادارہ ہے جس کی مستقل نشست کے حصول کی بھارت حرص و تمنا رکھتا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بالخصوص دو سال سے کشمیری عوام دنیا کے سب سے بڑے کنسنٹریشن کیمپ (حراستی مرکز)میں جبر واستبداد اور مصائب کا سامنا کررہے ہیں،اس پر مستزاد یہ کہ ان کے رابطوں کو مسددو کردیاگیا ہے