سربلند سرخرو سید علی گیلانی نے پاکستان اور کشمیریوں سے وفا کا حق اداکیا’شہبازشریف

0
205

لاہور( این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے اظہار رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بطل حریت سید علی گیلانی کی وفات سے آزادی جموں وکشمیر کا ایک تاریخ ساز عہد تمام ہوا،سربلند سرخرو سید علی گیلانی نے پاکستان اور کشمیریوں سے وفا کا حق اداکیا،حکومت پاکستان سید علی گیلانی کے لئے سرکاری سطح پر سوگ کا اعلان کرے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مرد آہن سید علی گیلانی ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے کا انقلاب آفریں نعرہ بلند کرتے سفرآخرت پر روانہ ہوئے ،وہ ایک عظیم مجاہد، پختہ نظریاتی وابستگی کا چراغ، باعمل وباکردار صاحب بصیرت قائد تھے، ان کی رحلت بڑا نقصان ہے ،تمام عمر آزادی جموں وکشمیر کا پرچم تھامے رہے، مرد درویش نے حریت کی ایک تابناک تاریخ رقم کی ،زنداں ، جھوٹے مقدمات، جبرواستبدادکا کوئی ہتھکنڈا ان کے عزم صمیم کو متزلزل نہ کرسکا ۔ انہوںنے کہا کہ سید علی گیلانی آزادی جموں وکشمیر کی ایک ولولہ انگیز تحریک اور فکر کی صورت زندہ وجاوید رہیں گے ،اللہ تعالی ان کے درجات بلند فرمائے اوران کے اہل خانہ، تمام وابستگان کو صبر جمیل دے۔