سستا اور فوری انصاف ہر شہری کا بنیادی حق اور ریاست کی ذمے داری ہے، چیف جسٹس اطہرمن اللہ

0
292

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا ہے کہ سستا اور فوری انصاف ہر شہری کا بنیادی حق اور ریاست کی ذمے داری ہے۔ضلعی عدالتوں کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ 6 دہائیوں میں عدالتی نظام کے سب سے اہم جزو کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ضلعی عدالتیں 4 دہائی پہلے تجارتی مرکز ایف ایٹ میں قائم کی گئیں، ان ضلعی عدالتوں میں نہ تو سائلین کے لیے اور نہ ہی ججز اور وکلاء کیلئے مناسب انتظام تھا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ضلعی عدالتیں کمزور طبقوں اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کی ضامن ہیں، تحقیقاتی ادارے اپنے فرائض ایمانداری سے نبھائیں تو مظلوم کی داد رسی ممکن ہے۔انہوںنے کہاکہ قانون اور آئین کی بالا دستی ہو گی تو کمزور طبقوں کے حقوق کا تحفظ ممکن ہو سکے گا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد نہ ہو تو یہ ماحول آمرانہ اور جبر کی قوتوں کے لیے ساز گار ہوتا ہے۔