جائزہ لیں گے افغانستان میں امریکا کیا چاہتا ہے اور پاکستان سے کیا توقعات ہیں، بلنکن

0
184

واشنگٹن(این این آئی)امریکا نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ افغانستان میں طالبان کی حکومت کو اس وقت تک تسلیم نہ کرے جب تک طالبان خواتین کو حقوق نہیں دیتے اور افغانستان سے نکلنے کے خواہش مندوں کو جانے کی اجازت نہیں دیتے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد پہلی بار ارکان کانگریس کے سوالوں کے جواب دئیے۔امریکی ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کو بلنکن نے بتایا کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان اس وقت تک طالبان حکومت کو تسلیم نہ کرے جب تک وہ افغان سر زمین کو دہشت گردوں کی آماج گاہ نہ بننے کے و عدے کی پاسداری نہیں کرتے۔امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا افغانستان میں کردار رہا ہے ، پاکستان نے امریکا کے ساتھ تعاون بھی کیا اور ہمارے مفادات کے خلاف بھی رہا۔انہوں نے کہا کہ امریکا کے مستقبل میں پاکستان کے ساتھ تعلقات کی بنیاد کیا ہونی چاہیے اس کا جائزہ آنے والے ہفتوں میں لیا جائے گا۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں امریکی اہداف حاصل کر لیے گئے تھے، وقت آگیا تھا کہ امریکاکی طویل جنگ کا خاتمہ کیا جاتا، طالبان سے معاہدہ ہمیں پچھلی انتظامیہ سے ملا، معاہدے کے تحت افغان حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ پانچ ہزار قیدیوں کو چھوڑ دے، معاہدے کی پاسداری نہ کرتے تو امریکی افواج پر حملوں کا خدشہ تھا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکا کا مزید نقصان ہونے کا احتمال تھا، افغانستان میں مزید وقت رہنے سے جنگ کے خاتمے کی گارنٹی نہیں تھی، امریکی شہریوں کی سکیورٹی ہماری ترجیح رہی ہے، مارچ سے اگست تک 19 پیغامات اور وارننگ جاری کی گئیں کہ امریکی افغانستان سے نکل جائیں۔امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ مارچ 2020 سے خصوصی ویزہ پروگرام میں ایک بھی افغان شہری کا انٹرویو نہیں کیا گیا تھا، ہم نے خصوصی ویزہ پروگرام کو بڑھایا۔امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ افغانستان میں سفارتی مشن شروع کر دیا گیا ہے، ہم افغانستان میں موجود امریکی اور افغان شہریوں کی مدد کرتے رہیں گے، جو امریکی اور دوسرے شہری افغانستان سے نکلنے کے خواہشمند ہیں انہیں نکالا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ طالبان نے کہا ہے کہ افغان سرزمین شدت پسندوں کو استعمال نہیں کرنے دی جائے گی