طالبان کی فضائی کمپنیوں سے افغانستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کی اپیل

0
217

کابل(این این آئی)افغانستان میں طالبان حکومت نے بین الاقوامی فضائی کمپنیوں سے جنگ زدہ ملک کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔انھوں نے ان کمپنیوں کے ساتھ مکمل تعاون کا وعدہ کیا ہے اور کہا کہ کابل ہوائی اڈے پر مسائل حل ہوچکے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق طالبان کے تحت افغان وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں یہ اپیل کی ۔طالبان نے بین الاقوامی قبولیت حاصل کرنے کی کوششیں تیزکردی ہیں اور اس مقصد کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔اس ضمن میں وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقاہربلخی نے کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کی معطلی سے بہت سے افغان بیرون ملک پھنس کررہ گئے ہیں اور لوگوں کو کام یا تعلیم کے لیے بیرون ملک سفرپرروانہ ہونے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔انھوں نے اپنی نئی حکومت کے لیے طالبان کی امارت اسلامی افغانستان (آئی اے ای)کا مخفف استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے مسائل حل ہوچکے ہیں اور یہ ہوائی اڈا اب ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے لیے مکمل طور پر فعال ہے،اس لیے آئی ای اے تمام ایئرلائنز کو (پروازیں بحال کرنے کی صورت میں)اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے۔