اسد قیصر سے گور نر خیبر پختون خوا کی ملاقات ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

0
240

اسلام آباد(این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان نے ملاقات کی جس میں سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع کی مسائل اور ملک کی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسد قیصر نے کہاکہ موجودہ حکومت تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں سے مشاورت کے ساتھ فاٹا کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے، سابق فاٹا کے مسائل کو حل کرنے کے لیے قومی اور پارلیمانی سطح پر سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ سابق فاٹا پر قائم کمیٹی اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ اور سابق بیورکریٹس سے مشاورت کرے گی، سیمینار میں سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماوں، نوجوانوں کے نمائندہ تنظیموں کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ سابق فاٹاسے تعلق رکھنے والے عوامی نمائندوں کی سیاست میں شمولیت کو یقینی بنانا ہو گا، وزیر خزانہ نے یقین دلایا ہے کہ حکومت سابق فاٹا کے لیے این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے اضافی 3 فیصد شیئر مختص کرنے کا وعدہ پورا کرے گی، سابق فاٹا کی عوام کو اْن کے حقوق دلانے اور فاٹا کو دیگر اضلاع کے برابر لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ سابق فاٹا کی عوام کی ترقی اور خوشحالی پورے صوبے کی خوشحالی ہے، صوبائی حکومت سابق فاٹا میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے،قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے سابق فاٹا کے مسائل کے معاملے پر ورکنگ گروپوں تشکیل دے دیے ہیں جو تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لیے ملاقاتیں کریں گے