اقوام متحدہ کے سربراہ کی خواتین سے کیے گئے وعدے توڑنے پر طالبان پر تنقید

0
202

نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے طالبان کی جانب سے افغان خواتین اور لڑکیوں سے کیے گئے توڑنے کی مذمت کرتے ہوئے دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کو معاشی بحران سے بجانے کے لیے مزید رقم عطیہ کریں۔میڈیارپورٹس کے مطابق انتونیو گوتریس نے صحافیوں کو بتایا کہ میں خاص طور پر طالبان کی طرف سے افغان خواتین اور لڑکیوں سے کیے گئے وعدوں کو ٹوٹتے ہوئے دیکھ کر پریشان ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں طالبان سے پرزور اپیل کرتا ہوں کہ وہ خواتین اور لڑکیوں سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کریں اور عالمی انسانی حقوق اور قوانین کی ادائیگی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ اس مسئلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور وہ یہ معاملہ طالبان کے ساتھ روز اٹھا رہی ہے، جو اگست کے وسط سے اقتدار میں ہیں لیکن عالمی سطح پر انہیں اب تک بطور جائز حکومت تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وعدے ٹوٹنے سے خواتین اور لڑکیوں کے خواب ٹوٹے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2001 سے 30 لاکھ لڑکیوں نے اسکول میں داخلہ لیا ہے اور ان کے لیے تعلیم کے اوسط سال 6 سے بڑھ کر 10 ہوگئے ہیں۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے خبردار کیا کہ افغانستان کی 80 فیصد معیشت غیر رسمی ہے جس میں خواتین کا اہم کردار ہے اور ان کے بغیر افغان معیشت اور معاشرے کو بحال کرنے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔انتونیو گوتریس نے افغانستان کی معیشت کو درپیش مسائل کے بارے میں بھی تفصیلی بات کی، بیرون ممالک میں موجود افغانستان کے اثاثے منجمد ہیں جبکہ ترقیاتی امداد بھی معطل کی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں وہ راستہ تلاش کرنا ہوگا جس کے ذریعے معیشت دوبارہ سانس لے سکے، یہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی یا اصولوں پر سمجھوتہ کیے بغیر ہو سکتا ہے۔انہوں نے دنیا سے مطالبہ کیا کہ افغان معیشت کو بحران سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھاتے ہوئے اس میں لیکویڈیٹی میں اضافہ کریں۔