اسد قیصر سے ایرانی پارلیمانی وفد کی ملاقات ، پاک ایران تعلقات، باہمی دلچسپی کے امورپر گفتگو

0
186

اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی پارلیمان میں ایران پاک دوستی گروپ کے سربراہ احمد امیر عبادی فرحانی کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات مذہب، اخوت، تاریخ اور ہمسائیگی کی لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں،امت مسلمہ کو در پیش چیلنجز کے حل کے لیے مسلم ممالک کے مابین اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے، پارلیمانی سفارتکاری پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اضافہ علاقائی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے، اراکین پارلیمان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اسد قیصر نے کہاکہ تجارت اور توانائی کے شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے بہترین مفاد میں ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں اضافے کے لیے پاک ایران سرحد پر تجارتی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت ایران سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروع دینے کے لئے کوشاں ہے، دنیا بھر میں مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمانی سفارتکاری اور عوامی سطح پر رابطے دونوں ممالک کے درمیان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ایرانی پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا