شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دے دیا

0
286

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو منی بجٹ کا تسلسل قرار دے دیا ۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہاکہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے،منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی سے عوام کی جان لینے کے بجائے عمران نیازی استعفیٰ دیں، صرف اسی طرح ملک وقوم کو ریلیف مل سکتا ہے،عوام کا خون ہر روز نچوڑنے سے بہتر ہے عمران نیازی ملک اور قوم کی جان چھوڑ دیں۔ انہوںنے کہاکہ رعایتی نمبرملنے کے باوجود عمران نیازی ملک اور عوام کی خدمت میں مکمل ناکام ہوچکے ہیں ،مہنگائی بڑھے تو وزیراعظم کرپٹ ہے ، اپنی کہی بات پر عمل کریں، ایسے شخص کو وزارت عظمی سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانامظلوم عوام کی بددعائیں لینا ہے ،ایک لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی ، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ غریب آدمی مرگیا ہے، کہاں جائے ؟ گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟،20 ہزار تنخواہ والے کا 10 ہزار بجلی کا بل آرہا ہے، یہ اچھے دن لائے ہیں؟،10 ہزار تنخواہ پانے والاکیاکھائے گا؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟۔ انہوںنے کہاکہ قوم کو 46 روپے لیٹر پٹرول کا وعدہ کرکے عمران نیازی نے پٹرول کی قیمت 173 روپے فی لیٹر سے زیادہ کردی ، یہ تھی آپ کی صداقت؟،پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے، پھر عمران نیازی کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟،مہنگائی بڑھنے ، معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ عمران نیازی ہیں، قوم کو یہ سمجھ آچکی ہے۔