بلاول بھٹو زر داری کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ،ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

0
229

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جمعہ کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی صحت سے متعلق خیریت دریافت کی جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے ملک میں بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ آپ بزرگ سیاست دان ہیں، تین نسلوں سے ہمارا رشتہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور احتساب کے حوالے سے قوانین پر پارلیمان میں مشترکہ لائحہ عمل مزید کامیابیوں کا سبب بن سکتا ہے۔انہوںنے کہاکہ پارلیمان کے ذریعے ہی حکومت کی پالیسیوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے، حکومت کی پارلیمان میں حالیہ شکستیں اپوزیشن کی بڑی کامیابیاں ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سید یوسف رضا گیلانی اور قمر زمان کائرہ بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے موقع پر موجود تھے جبکہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا اسعد محمود اور مولانا صلاح الدین ایوبی ملاقات کے موقع پر موجود تھے ۔