دعوت اسلامی کے آٹھ رکنی وفد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،دعوت اسلامی بارے آگاہ کیا

0
224

اسلام آباد (این این آئی)نگران شوریٰ دعوت اسلامی حاجی عمران عطاری کی قیادت میں ”دعوت اسلامی”کے آٹھ رکنی وفد نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی وفد میں حاجی یوسف سلیم، احتشام عطاری، سلیم بلال، محمد عمران، آصف پولانی، اختر اسماعیل، اور یوسف سلیم شامل تھے ،وزیر خارجہ نے وزارت خارجہ آمد پر دعوت اسلامی کے وفد کو خوش آمدید کہا ۔دعوت اسلامی کے وفد نے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ ”دعوت اسلامی ”ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جو دنیا بھر میں دعوت و تبلیغ کے ساتھ ساتھ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے، دارالمدینہ سکول سسٹم دنیا کے کئی ممالک میں تعلیم و تربیت کا کام سر انجام دے رہا ہے ۔حاجی سلیم عطاری نے وزیر خارجہ کو بتایا کہ سیلاب، قدرتی آفات بالخصوص کرونا وبا کے دوران دعوت اسلامی نے متاثرین کی دل کھول کر مدد کی ۔انہوں نے وزیر خارجہ کوآگاہ کیا کہ دعوت اسلامی تھیلیسیمیا فری پاکستان کے فلاحی منصوبے پر کام کر رہی ہے اور اب تک تھیلیسیمیا کے مریضوں کو 42000 خون کے بیگ عطیہ کر چکی ہے۔وزیر خارجہ نے دعوت اسلامی کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام، بھائی چارے، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان اس وقت شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے، حکومت پاکستان نے جہازوں کے ذریعے اور زمینی راستے سے انسانی امداد اور ادویات افغانستان بھجوائیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان 38 ملین آبادی کا ملک ہے پچھلے دو سال میں وہاں قحط جیسی صورتحال ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ افغان شہریوں کی فوری انسانی امداد کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم افغان شہریوں کی انسانی بنیادوں پر معاونت کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں ، ہمیں توقع ہے کہ عالمی برادری، ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑے گی، وفد نے وزیر خارجہ کو مرکز فیضان مدینہ کراچی دورہ کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا