بیگم ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کے سالانہ چیرٹی بازار کا افتتاح کر دیا

0
339

اسلام آباد (این این آئی)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کے سالانہ چیرٹی بازار کا افتتاح کر دیا ۔ ہفتہ کو پیٹرن ان چیف پفوا، مسز مہرین قریشی نے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا خیر مقدم کیا ، فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن (PFOWA ) کا مقصد معاشرے میں مستحق اور معاشی طور پر کمزور طبقوں کی معاونت کرنا ہے۔اس چیریٹی بازار میں مختلف سفارتخانوں اور ہائی کمیشنز نے اپنے اپنے ثقافتی سٹالز لگا رکھے ہیں جس سے اس میلے کا کثیر ثقافتی تاثر نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔ غیر ملکی سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کی کثیر تعداد بھی میلے میں شرکت کیلئے آرہی ہے،وزارتِ خارجہ کے افسران، میڈیا نمائندگان کی کثیر تعداد بھی اس بازار میں شریک ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خاتون اول نے کہاکہ سماجی بہبود کے لیے پفوا کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ،کورونا کی صورتحال میں بھی پفوا نے اپنی سوشل ویلفیئر کے لیے کوششیں جاری رکھی ۔ انہوںنے کہاکہ بریسٹ کینسر سے بچاو کے لیے آگاہی بھی پھیلائی ،جہاں بھی میں گئی وہاں یہی آگاہی پھیلانے کی کوشش کی کہ خواتین خود کے لیے وقت نکالیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہم سب نے بریسٹ کینسر سے بچاو کے لیے مل کر آگاہی پھیلانی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بہت ضروری ہے کہ خواتین کو آگے لے کر جانے کے لیے انہیں با اختیار بنانے کے لیے کام کریں ،حکومت خواتین کو با اختیار بنا کر ملکی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پفوا چئریٹی بازار میں نہ صرف پاکستان بلکہ مختلف ملکوں ثقافت اور کھانے بھی توجہ کا مرکز ہیں،مستحقین کی امداد کے لیے اس سرگرمی کے ذریعے ثقافتی ہم آہنگی اور سماجی روابط کا فروغ مثبت اقدام ہے۔ انہوںنے کہاکہ پفوا بازار ملکی ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ نادار اور مستحق افراد کی فلاح میں اہم کردار ادا کرے گا۔