کابل (این این آئی)طالبان نے افغانستان کے ایئر پورٹس کا نظام چلانے میں یورپی یونین سے مدد کی درخواست کی ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان حکام نے ملاقات میں ملک کے ایئر پورٹس چلانے میں مدد مانگی ہے۔یورپی یونین اور طالبان کے اعلیٰ حکام کے درمیان ملاقات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اتوار کو ہوئی تھی۔یورپی یونین نے کہا ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کا مطلب ان کی عبوری حکومت کو قطعاً تسلیم کرنا نہیں ہے، بلکہ یورپی یونین اور افغان عوام کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے گئے ہیں۔مذاکرات میں طالبان کے وفد کی نمائندگی وزیر خارجہ امیر خان متقی نے کی ہے۔ جبکہ صحت اور تعلیم کے وزرا کے علاوہ مرکزی بینک کے گورنر، وزارت خارجہ، خزانہ، داخلہ اور انٹیلیجنس ڈائریکٹریٹ کے حکام بھی وفد میں شامل ہیں۔یورپی یونین کی طرف سے افغانستان کے لیے خصوصی نمائندے ٹومس نکلسن نے وفد کی نمائندگی کی جس میں یورپی کمیشن کے انسانی امداد، بین الاقوامی شراکت داری اور نقل مکانی سے متعلق حکام بھی شریک تھے۔یوپی یونین نے بیان میں مزید کہا ہے کہ طالبان نے گزشتہ بیس سالوں میں ان کے خلاف کام کرنے والے افغانوں کو عام معافی دینے کے وعدے پر عمل درآمد کی مکمل یقین دہانی کروائی ہے۔یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات میں طالبان نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ افغانوں اور غیر ملکیوں کو ان کی خواہش کے مطابق افغانستان سے نکلنے کی اجازت ہے