وحشیانہ جبر نے بھارتی حکومت کا انتہا پسندانہ چہرہ بے نقاب کر دیا،صدرمملکت عارف علوی

0
234

اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین ، سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں۔ غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ آج کے دن بھارتی فوج نے بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا۔ انہوںنے کہاکہ 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت اور اس کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کیلئے قدم اٹھایا۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو کشمیری عوام ، پاکستان اور عالمی برادری نے مسترد کیا۔ صدر عارف علوی نے کہاکہ بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین ، سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیریوں سے بھارتی وعدوں کی خلاف ورزی ہیں، کشمیری ایک سال سے زائد عرصے سے اپنے گھروں میں قید ہیں ، کشمیری اپنی ہی زمین میں غیر ملکی اور اپنی سڑکوں پر آزادانہ طور پر چلنے کے قابل نہیں ۔ انہوںنے کہاکہ 80 لاکھ کشمیریوں پر 9 لاکھ سے زائد قابض فوج نے مقبوضہ علاقے کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے