مقبوضہ کشمیر’بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 5کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت

0
373

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں مزید پانچ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی کشمیر میں گزشتہ تین دنوں کے دوران پانچ نوجوانوں کی شہادت سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے رواں ماہ دسمبر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ایک درجن سے زائد کشمیری نوجوانوں کے قتل کا حولہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی مہینوں کے دوران جعلی مقابلوں اور تلاشی ور محاصرے کی کارروائیوں میں نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں نہتے شہریوں کے قتل عام کو بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کو سر تسلیم خم کرنے پر مجبور کرنے کی مذموم مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ کو اس حقیقت کو یاد رکھنا چاہیے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی ،جو اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت کیلئے پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں