شاہ محمود قریشی کا ترک وزیر خارجہ سے رابطہ ،زلزلے اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال

0
256

اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں ترکی کے ساحلی شہر ازمیر میں آنیوالے شدید زلزلے اور امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ترکی میں آنیوالے زلزلے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ریکٹرسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.6 تھی جس میں اب تک، 24 افراد کے جاں بحق اور804 افراد زخمی ہونے اور 17 سے زائد عمارت کے زمیں بوس ہونے کی اطلاعات ہیں ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زلزلے کے نتیجے میں ہونیوالے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے اس زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔وزیر خارجہ نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور ترک بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ،انہوںنے کہاکہ پاکستان کے لوگ، 2005 کے زلزلے کے بعد، ترکی کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد کو نہیں بھولے ـ