مقبوضہ کشمیر میں بنیادی سطح کی جمہوریت دم توڑ رہی ہے،عمر عبداللہ

0
270

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں بنیادی سطح کی جمہوریت دم توڑ رہی ہے ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ان خیالات کا اظہار ضلع شوپیان کے ڈی ڈی سی ممبران کی طرف سے اپنے چیئر پرسن کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بارے میں میڈیا رپورٹس پر ردعمل ظاہرکرتے ہوئے متعدد ٹویٹس میں کیا۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک عدم اعتماد کی تحریکوں کا سوال ہے تو جمہوریت کی بنیاد یہی ہے کہ اکثریت کی رائے کو بالادستی ملنی چاہیے ۔ لیکن قابض انتظامیہ ان چیئر پرسنز کا دفاع کیوں کرتی ہے جن کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جاتی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کی بالادستی کو حقیقی معنوں میں جاری رہنے دیا جانا چاہیے اور اکثریت کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے ۔عمر عبداللہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بنیادی سطح کی جمہوریت دم توڑ رہی ہے ، ڈی ڈی سی انتخابات کو اس کامیابی کی کہانی کے طورپر پیش کیا گیا تھا کہ اب نوجوان کشمیری سیاست میں حصہ لیں گے لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا۔